پاکستان انڈیا مقابلے میں مصافحہ ہو گا یا نہیں، کل پتہ چل جائے گا: سلمان آغا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو امید ہے کہ اتوار کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ مقابلہ کھیل کے مثبت جذبے کے تحت کھیلا جائے گا تاہم وہ اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکے کہ آیا میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان روایتی مصافحہ ہوگا یا نہیں۔

دونوں ٹیمیں گذشتہ سال ایشیا کپ کے فائنل کے بعد پہلی بار آمنے سامنے آئیں گی۔ یہ مقابلہ ایسے وقت میں ہوا تھا جب انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی کشیدگی تقریباً مکمل جنگ میں تبدیل ہونے کے قریب پہنچ گئی تھی۔

یہ مقابلہ اس متنازع صورت حال کے بعد ہو رہا ہے جب پاکستان نے بنگلہ دیش کو سکیورٹی خدشات کے باعث انڈیا میں کھیلنے سے انکار پر ٹورنامنٹ سے نکالنے کے فیصلے پر میچ کے بائیکاٹ کی دھمکی بھی دی تھی تاہم بعد میں آئی سی سی کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

کولمبو میں ہفتے کو پری میچ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا: ’مجھے امید ہے کہ یہ میچ اسی سپورٹس مین سپرٹ کے ساتھ کھیلا جائے گا جس روایت کے ساتھ ہمیشہ سے کھیلا جاتا رہا ہے۔‘

انڈیا نے ایشیا کپ میں پاکستان کو تین مرتبہ شکست دی تھی، جن میں 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا گیا فائنل بھی شامل تھا، تاہم دونوں ٹیموں نے میچ سے پہلے اور بعد میں مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا۔

سلمان علی آغا نے اس حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جوان میں کہا: ’کل معلوم ہو جائے گا کہ ایسا ہوتا ہے یا نہیں۔‘

پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ کی دھمکی نے کرکٹ کے سب سے منافع بخش مقابلوں میں سے ایک کو خطرے میں ڈال دیا تھا، جس کے باعث براڈکاسٹرز کو اشتہاری آمدن میں کروڑوں ڈالر کے ممکنہ نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے متعدد مذاکرات کے بعد ایک سمجھوتہ کرایا تاکہ میچ شیڈول کے مطابق منعقد ہو سکے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سلمان آغا نے اس حوالے سے کہا: ’انڈیا اور پاکستان کا میچ ہمیشہ بہت بڑی اہمیت رکھتا ہے، کل کا مقابلہ بھی اس سے مختلف نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے پاکستانی ٹیم ہر ممکن صورت حال کے لیے تیار تھی، چاہے یہ میچ ہوتا یا نہ ہوتا۔‘

سلمان آغا کے مطابق کپتانوں پر دباؤ زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’جب آپ اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہیں اور اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں تو یہ اضافی ذمہ داری ہوتی ہے۔ آپ اس ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے۔ دباؤ ضرور ہوتا ہے، لیکن اس سے نمٹنے کا طریقہ تلاش کرنا پڑتا ہے۔‘

اتوار کو بارش کے امکان کے حوالے سے سلمان آغا نے کہا کہ پاکستان ٹیم حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا: ’ہم موسم کو کنٹرول نہیں کر سکتے، لیکن اگر میچ مختصر ہوا تو ہم اس کے مطابق حکمت عملی بنائیں گے۔‘

ٹورنامنٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی دو، دو میچ جیت چکی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *