پاکستانی فورسز کی کارروائی، اربوں روپے کی 500 کلو آئس برآمد

پاکستانی حکام نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ سکیورٹی اداروں نے بحیرہ عرب کے راستے منشیات سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات اور غیر ملکی شراب ضبط کر لی۔

اس مشترکہ آپریشن میں 500 کلوگرام سے زائد کرسٹل آئس اور تین ہزار سے زیادہ بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت ایک ارب روپے سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

یہ آپریشن صوبہ سندھ کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارکوٹکس کنٹرول، نیول انٹیلیجنس اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے باہمی تعاون سے انجام دیا گیا۔

صوبائی وزیر ایکسائز و نارکوٹکس مکیش چاولہ نے اس پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیول انٹیلیجنس سے خفیہ اطلاع ملی تھی کہ بحیرہ عرب کے راستے منشیات کی بڑی کھیپ لائی جا رہی ہے۔

’اطلاع ملتے ہی چھ اپریل کو فوری کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں آئس اور غیر ملکی شراب ضبط کی گئی۔‘

مکیش چاولہ کے مطابق اس کھیپ کی مالیت چار سے پانچ ارب روپے کے درمیان بنتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سمندری کارروائی کے علاوہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی دو بڑی کارروائیاں کی گئیں۔

’روہڑی میں ایک فارچیونر گاڑی سے 120 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی اور ایک شخص کو گرفتار کیا گیا، جبکہ شکارپور روڈ پر ایک ٹرک سے 40 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔‘

پریس کانفرنس کے بعد انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ منشیات سمگلنگ کا سب سے بڑا نشانہ نوجوان نسل بن رہی ہے، جو ایک انتہائی تشویش ناک رجحان ہے۔

ان کے مطابق نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے اثرات پوری سوسائٹی تک پھیل رہے ہیں، جس کی وجہ سے جرائم میں اضافہ اور سماجی بگاڑ جنم لے رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منشیات پاکستان میں سمندری راستوں، سرحدی علاقوں، پشاور کے راستے اور شپمنٹ کے ذریعے بھی داخل ہوتی ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر شرجیل انعام نے بھی اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سندھ میں منشیات کی دستیابی تیزی سے نوجوانوں کو متاثر کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کے مسائل، بڑھتے جرائم اور سماجی انتشار کو دیکھتے ہوئے انسداد منشیات کی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے، اور حالیہ مشترکہ آپریشن اسی سلسلے کا حصہ ہیں۔

محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں کارروائیوں کے دوران دو ہزار 18 کلوگرام چرس، 34 کلو ہیروئن، 346 کلو کینابس اور 197 کلو آئس برآمد کی گئی۔

اس دوران 248 مقدمات درج ہوئے، 257 ملزمان گرفتار کیے گئے، جبکہ 26 گاڑیاں اور 28 موٹر سائیکلیں بھی ضبط کی گئیں۔

جولائی 2025 سے فروری 2026 کے کریک ڈاؤن میں کراچی اور سکھر سرفہرست رہے جہاں بھاری مقدار میں چرس، ہیروئن، آئس اور غیر ملکی شراب برآمد ہوئی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *