آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پالیکلے میں میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ایک بار پھر صرف صاحبزادہ فرحان ہی واحد بلے باز تھے جو ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہے۔
صاحبزادہ فرحان نے ورلڈ کپ میں ایک اور نصف سنچری سکور کی اور پہلے بابر اعظم اور پھر فخر زمان کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی جس سے ٹیم کو قدرے بہتر سکور کا موقع ملا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 63، بابر اعظم 24 گیندوں پر 25، فخر زمان 16 گیندوں پر 25 اور اننگز کے آخر میں شاداب خان 11 گیندوں پر 23 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
انگلش بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر رنز بنانے کا کوئی موقع نہیں دیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے جبکہ جوفرا آرچر، اوررٹن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے لیے سپر 8 مرحلے کا یہ میچ انتہائی اہم ہے۔ اگر انگلینڈ اس میچ میں کامیابی حاصل کر لیتا ہے تو اس کی سیمی فائنل تک رسائی حتمی ہو جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان اگر اس میچ میں ہار جاتا ہے تو پھر اسے نہ صرف سری لنکا کو ہرانا ہو گا بلکہ دوسری ٹیموں کی طرف بھی دیکھنا ہو گا۔ پاکستان کا سپر 8 مرحلے میں پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
