|
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کا آج 35 واں دن ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔ اس جنگ کی تازہ ترین اپ ڈیٹس۔ |
صبح سات بجے
ایران کے اسرائیل اور کویت پر حملے
اتوار کو علی الصبح ایران نے اسرائیل اور کویت پر میزائل اور ڈرون داغے ہیں۔
کویت اور اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان کا فضائی دفاعی نظام ایران کے ان تازہ ترین حملوں کا جواب دے رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے ایک روز بعد کیا گیا جس میں انہوں نے ایران کو متنبہ کیا تھا کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر معاہدہ کر لے ورنہ ’جہنم‘ کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔
ٹرمپ نے ہفتے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر 26 مارچ کو دیے گئے الٹی میٹم کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’یاد کریں جب میں نے ایران کو معاہدہ کرنے یا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی تھی۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’وقت ختم ہو رہا ہے۔ 48 گھنٹے باقی ہیں، جس کے بعد ان پر قیامت ٹوٹ پڑے گی۔‘
ایران کی مرکزی ملٹری کمانڈ نے اس الٹی میٹم کو مسترد کر دیا ہے۔
ایرانی جنرل علی عبداللہی علی آبادی نے دھمکی کو ’ایک بے بسی، گھبراہٹ پر مبنی، غیر متوازن اور احمقانہ فعل‘ قرار دیا۔
ٹرمپ ہی کے انداز میں جوابی وار کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ ’آپ کے لیے جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔‘
صبح چھ بج کر 45 منٹ
امریکی صدر کا ’متعدد‘ ایرانی فوجی رہنماؤں کو مارنے کا دعویٰ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو دعویٰ کیا کہ ایران کے دارالحکومت میں کیے گئے بڑے حملے میں ایران کے ’متعدد‘ فوجی رہنما مارے گئے ہیں۔
ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا ’ایران کے متعدد فوجی رہنما، جنہوں نے ناقص اور غیر دانش مندانہ قیادت کی، تہران میں اس زبردست حملے کے نتیجے میں دیگر بہت سی چیزوں سمیت ختم ہو چکے۔‘
اس پوسٹ میں ایک ویڈیو بھی شامل ہے جس میں رات کے وقت شہر کے افق پر دھماکوں کی روشنی دیکھی جا سکتی تھی۔
تاہم اس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فوجی کارروائی کب کی گئی۔
صبح چھ بج کر 30 منٹ
امریکہ میں گرفتار خواتین کا قاسم سلیمانی خاندان کا تعلق نہیں: ایرانی میڈیا
اے ایف پی نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مقتول ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی دو بیٹیوں نے اس امر کی تردید کی ہے کہ امریکہ میں جن خواتین کو گرفتار کیا ہے وہ ان کی رشتہ دار ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ قاسم سلیمانی کی بھتیجی اور ان کی بیٹی کو گرفتار کر کے ان کی امریکی رہائشی حیثیت منسوخ کر دی گئی ہے۔
بیان میں بھتیجی کی شناخت حمیدہ سلیمانی افشار کے نام سے کی گئی تھی، تاہم ان کی بیٹی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
