پاکستان فوج کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کی جن میں عالمی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا تاکہ 62 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقعے پر ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کر سکیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقعے پر فیلڈ مارشل نے کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں عالمی اور علاقائی سکیورٹی کی صورت حال اور انسداد دہشت گردی میں تعاون شامل ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جرمن حکام کے ساتھ اپنی بات چیت کے حصے کے طور پر، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرائنٹ، جرمنی کے وفاقی چانسلر کے مشیر برائے خارجہ و سکیورٹی پالیسی گنٹر ساؤٹر اور فیڈرل آرمڈ فورسز کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں عصر حاضر کے سکیورٹی مسائل، دوطرفہ دفاعی تعاون اور دوطرفہ و کثیرالجہتی بات چیت کے ذریعے عالمی امن اور سکیورٹی کے فروغ کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس کے علاوہ فیلڈ مارشل نے برازیلین مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ سٹاف ایڈمرل ریناتو روڈریگز ڈی ایگیار فریئر کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی اور دوطرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
جمہوریہ لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہائیکل نے بھی سی فیلڈ مارشل سے ملاقات کی۔ اس موقعے پر ہونے والی بات چیت میں عالمی اور علاقائی سکیورٹی کی صورت حال اور دوطرفہ دفاعی اشتراک کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
