صاحبزادہ فرحان آئی سی سی ’پلیئر آف دی منتھ‘ قرار

پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے فروری کے مہینے میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں اپنی غیر معمولی کارکردگی کی بدولت آئی سی سی ’پلیئر آف دی منتھ‘ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے، جبکہ خواتین کے زمرے میں انڈیا کی فاسٹ بولر اروندھتی ریڈی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی پر یہ ایوارڈ جیتا ہے۔

صاحبزادہ فرحان نے پیر کو کئی نامور کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے آئی سی سی کے مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ وہ ٹورنامنٹ کے ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں (نمیبیا اور سری لنکا کے خلاف) بنانے والے پہلے بلے باز بھی بنے تھے۔

بطور اوپنر کھیلتے ہوئے فرحان نے سات ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں 76.60 کی اوسط اور 160.25 کے سٹرائیک ریٹ سے 383 رنز بنائے۔ فروری کے مہینے میں ان کی اس کارکردگی نے انہیں اس ایوارڈ کا حقدار بنایا، جبکہ مارچ میں ہونے والے آخری دو سپر ایٹ میچز اور ناک آؤٹ مرحلے کی کارکردگی کا جائزہ اگلے ایوارڈ سائیکل میں لیا جائے گا۔

اپنے ایوارڈ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا، ’خاص طور پر ورلڈ کپ کے سٹیج پر جہاں پوری دنیا کے مداح آپ کو دیکھ رہے ہوں، یہ آئی سی سی ایوارڈ جیتنا ایک ناقابل یقین احساس ہے۔ یہ بات اسے مزید خاص بناتی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’یہ واقعی ایک ایسا ٹورنامنٹ تھا جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا اور میں اس تسلسل کو آنے والی سیریز اور مقابلوں میں برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہوں۔ میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی مسلسل حمایت اور مجھ پر یقین کے لیے ان کا دل سے شکر گزار ہوں، ان کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے پر صاحبزادہ فرحان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’صاحبزادہ فرحان کا اعزاز پاکستان کرکٹ کے لیے باعث فخر ہے۔‘

خواتین کے ایوارڈ کی فاتح اروندھتی ریڈی نے آسٹریلیا میں اپنی شاندار بولنگ سے انڈیا کو ٹی 20 سیریز میں دو-ایک کے مارجن سے کامیابی دلائی۔ انہوں نے تین میچوں میں 10.87 کی اوسط اور 7.25 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ بالترتیب 22 رنز دے کر چار، 30 رنز دے کر دو اور 35 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور سیریز کی سب سے کامیاب باؤلر رہیں۔

مردوں کے زمرے میں صاحبزادہ فرحان نے انگلینڈ کے ول جیکس اور امریکہ کے شیڈلی وان شالوک کو شکست دی، جبکہ خواتین کے زمرے میں اروندھتی ریڈی نے سری لنکا کی ہرشیتھا سماراوکرما اور پاکستان کی فاطمہ ثنا کو پیچھے چھوڑا۔

ان دونوں کھلاڑیوں کا انتخاب آئی سی سی کی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ عالمی مداحوں، سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندوں پر مشتمل ایک ماہر پینل کی ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *