زمبابوے کی آسٹریلیا کے خلاف جیت: کیا یہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا اپ سیٹ ہے؟

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں دلچسپ میچز کا سلسلہ جاری ہے جہاں جمعے کو زمبابوے نے حیران کن طور پر آسٹریلیا کو شکست دے کر ایونٹ میں اپنی لگاتار دوسری فتح حاصل کر لی ہے۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا 170 رنز کے تعاقب میں 146 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تو جواب میں 29 رنز پر ہی آسٹریلیا کی چار وکٹیں گر گئی تھیں۔

بعد میں ٹریوس ہیڈ، گلین میکسویل اور میٹ رینشا نے اننگز کو کسی حد تک سہارا تو دیا لیکن وہ ٹیم کو جتوا نہ سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے جبکہ میکسویل 31 اور ہیڈ 17 رنز بنا سکے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزاربانی نے چار وکٹیں لیں جبکہ بریڈ ایوانز نے تین، ماساکاٹزا اور برل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب زمبابوے کی اننگز میں برائن بینیٹ نے شاندار 64 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن آغاز سے ہی مستحکم بنا دی تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا ساتھ دینے والے دوسرے اوپنر مارومانی نے 35، برل نے بھی 35 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان سکیندر رضا نے صرف 13 گیندوں پر 25 رنز سکور کیے۔

زمبابوے کی اننگز کی سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ اس میں صرف ایک ہی چھکا لگا اور وہ بھی سکندر رضا کے بلے سے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کل سات بولرز کا استعمال کیا گیا مگر ان میں سے صرف دو ہی ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

اس طرح زمبابوے نے ورلڈ کپ میں اپنی دوسری فتح حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے اپنے امکانات روشن کر دیے ہیں۔

زمبابوے گروپ بی میں ہے جہاں سری لنکا بھی اپنے پہلے دونوں میچز جیت چکا ہے جبکہ آسٹریلیا کو ایک میچ میں جیت اور ایک میں شکست ہو چکی ہے۔ 


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *