راجن پور، ڈی جی خان میں 2 سے 4 اپریل کو بارشوں، فلیش فلڈ کا ہائی الرٹ

پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے جنوبی اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 2 سے 4 اپریل کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا کہ ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، راجن پور اور کوہ سلیمان میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جو 2 سے 4 اپریل کے دوران جاری رہنے کی پیشنگوئی ہے۔

بیان میں ترجمان نے مزید بتایا کہ متوقع بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں خصوصاً خیبر پختونخوا، سندھ، بالائی پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی اور ارد گرد کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جن کی وجہ سے کئی حادثات بھی پیش آ چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے پی ڈی ایم اے نے پیر کو بتایا تھا کہ صوبے میں 25 مارچ سے بارشوں کے سبب ہونے والے حادثات میں 17 افراد کی جان جا چکی ہے۔

یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ،  دیر اپر، باجوڑ،  بٹگرا م اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔

کراچی میں ریسکیو حکام کے مطابق گذشتہ بدھ کو ہونے والی شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث متعدد حادثات میں 16 افراد جان سے گئے تھے۔

افغانستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا پیر کو کہنا تھا کہ ملک میں اب تک بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 28 افراد جان سے گئے ہیں اور 49 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 100 سے زائد گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

عوام کے لیے احتیاط

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے منگل کو ایک بیان میں ان اضلاع میں شہریوں کو احتیاط بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور بچوں کا خاص طور پر خیال رکھتے ہوئے انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کی جائے۔‘

انتظامیہ اور اداروں کو ہدایات

پی ڈی ایم اے نے عوام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ، آئی جی موٹر ویز اور دوسرے متعلقہ محکموں کو بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے احکامات کے پیش نظر تمام تر اقدامات پیشگی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورت حال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔

انہوں نے 1122 سمیت دیگر ریسکیو اداروں کی مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی بھر جانے کی صورت میں اس کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنانے کو یقینی بنایا جائے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *