دفاعی نظام نے اب تک 172 بیلسٹک میزائل اور 755 ڈرونز گرائے: متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ منگل کو ان کے فضائی دفاعی نظام نے 11 بیلسٹک میزائل اور 123 ڈرونز روکے جبکہ ایک میزائل ان کی حدود میں گرا جس سے کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔

وزارت دفاع کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایرانی کھلی جارحیت کے آغاز سے اب تک ملک کی جانب 186 بیلسٹک میزائل داغے گئے جن میں سے 172 میزائل تباہ کر دیے گئے، 13 میزائل سمندر میں گرے جبکہ ایک میزائل ملک کی سرزمین پر گرا۔‘

بیان کے مطابق ’اس کے علاوہ 812 ایرانی ڈرونز داخل ہوئے جن میں سے 755 کو مار گرایا گیا، جبکہ 57 ڈرون ملک کی حدود میں گرے۔‘

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق آٹھ کروز میزائل بھی تباہ کیے گئے ہیں۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس سب کے دوران ’پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش کا ایک، ایک شہری جان سے گیا جبکہ 68 معمولی زخمیوں کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں اماراتی، مصری، ایتھوپیا، فلپائن، پاکستان، ایران، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، آذربائیجان، یمن، یوگنڈا، اریٹریا، لبنان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت نے تصدیق کی کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کے عمل کا نتیجہ ہیں، اسی طرح لڑاکا طیاروں کی جانب سے ڈرونز اور کروز میزائلوں کو تباہ کرنے کی کارروائیوں کے باعث بھی یہ آوازیں سنائی دیں۔

’ان کارروائیوں کے نتیجے میں بعض شہری املاک کو معمولی سے درمیانے درجے تک نقصان پہنچا۔‘

متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے اس فوجی ہدف بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت اور قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا، اور کہا کہ ریاست اس اشتعال انگیزی کے جواب دینے اور اپنی سرزمین، عوام اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے، تاکہ اپنی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھا جا سکے اور اپنے قومی مفادات اور صلاحیتوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *