ترسیلات زر سے نتائج تک: پاکستان میں نیا سعودی معاشی اقدام

کئی دہائیوں کی مالی امداد کے بعد، سعودی عرب اب پاکستان کے ٹیکنالوجی، معدنیات اور صنعتی شعبوں کی پشت پناہی کر رہا ہے جو تعاون سے شراکت داری کی جانب ایک تاریخی تبدیلی کا اشارہ ہے۔

کئی دہائیوں سے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات کی تعریف حکمت عملی کے بجائے استحکام سے متعین ہوتی رہی ہے۔

مملکت میں مقیم لاکھوں پاکستانی ورکرز سالانہ نو ارب ڈالر سے زائد رقم وطن بھیجتے ہیں، جو ملک کی کل ترسیلات زر کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہے۔ جبکہ گرانٹس، ڈیپازٹس اور ادھار تیل کی سہولت نے اسلام آباد کو ادائیگیاں کے توازن کے بحرانوں سے نمٹنے میں بارہا مدد کی ہے۔

مذہبی سیاحت عوامی تعلقات کو مزید مضبوط کرتی ہے، جہاں ہر سال لاکھوں افراد حج اور عمرہ کے لیے سفر کرتے ہیں۔ یہ آمدن اگرچہ اہم ہے، تاہم اس نے معیشت کو تبدیل کرنے کے بجائے صرف کھپت کو برقرار رکھا ہے۔

 میرا ماننا ہے کہ یہ ایک اہم لمحے کا اشارہ ہے: سعودی عرب اب وقتی تعاون سے آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان کو اپنی پیداواری معیشت کو تبدیل کرنے کے اس موقعے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

جیسا کہ سعودی عرب کے اسسٹنٹ وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے 2024 میں کہا تھا: ’سعودی حکومت اور کمپنیاں پاکستان کو ایک اعلیٰ ترجیحی معاشی، کاروباری اور سرمایہ کاری کا موقع سمجھتی ہیں،‘ جو امداد سے ہٹ کر پاکستان کی صلاحیت پر سعودی عرب کے اعتماد کا اشارہ ہے۔ یہ تبدیلی کئی برسوں سے جاری ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 2019 کے دورے کے دوران توانائی، کان کنی، انفراسٹرکچر اور صنعتی تعاون میں تقریباً 20 ارب ڈالر کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ اگرچہ عالمی جھٹکوں اور داخلی عدم استحکام نے عمل درآمد کو سست کیا، لیکن سعودی دلچسپی کبھی کم نہیں ہوئی۔

اس کے بجائے یہ وژن 2030 کے ساتھ مزید ہم آہنگ ہو گئی ہے، جس میں تنوع، صنعتی گہرائی اور علم پر مبنی ترقی پر زور دیا گیا ہے۔ یہ ارتقا ٹیکنالوجی اور معدنیات سے زیادہ کہیں اور نمایاں نہیں ہے۔

وسیع تر معاشی مشکلات کے باوجود پاکستان کا آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کا شعبہ سالانہ تین ارب ڈالر سے زائد کما رہا ہے۔ سعودی عرب نے اس شعبے کو اپنے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایجنڈے کے لیے ایک سٹریٹجک تکمیلی جزو کے طور پر شناخت کیا ہے، جو پاکستانی فرموں کے لیے لائسنسنگ، تعمیل اور مارکیٹ تک رسائی میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مشترکہ اقدامات مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، فن ٹیک، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل حکومتی حل پر محیط ہیں، جن میں تحقیق، مہارت کی ترقی اور مصنوعات کی مشترکہ تخلیق میں مدد کے لیے اے آئی اور انوویشن ہب شامل ہیں۔ سیاق و سباق کے لیے، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اب پڑوسی ملک بنگلہ دیش سے زیادہ ہیں، جو علاقائی ڈیجیٹل مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہیں۔

یہ پاکستان کے لیے موقع ہے کہ وہ فری لانس پر مبنی برآمدات سے نکل کر انٹرپرائز سطح کے حل کی طرف بڑھے جو سمارٹ سٹیز سے لے کر مالیاتی پلیٹ فارمز تک بڑے پیمانے پر سعودی منصوبوں میں ضم ہوں۔

پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سعودی عرب کی دلچسپی بھی اتنی ہی اہم ہے۔ ملک میں تانبے، سونے، لیتھیم اور نایاب دھاتوں کے دنیا کے کچھ سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ ذخائر موجود ہیں، جو صاف توانائی اور جدید مینوفیکچرنگ کے لیے اہم ہیں۔ سعودی سرمایہ کاری صرف معدنیات نکالنے پر نہیں بلکہ پروسیسنگ، ریفائننگ اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ پر زور دیتی ہے۔

فنانسنگ، مہارت اور بین الاقوامی ساکھ لا کر، ریاض ان دائمی چیلنجوں سے نمٹ رہا ہے جنہوں نے دہائیوں سے پاکستان کی وسائل کی معیشت کو روک رکھا ہے۔ اگر پاکستان ریگولیٹری یقین دہانی اور تکنیکی صلاحیت فراہم کرنے میں ناکام رہتا ہے تو دہائیوں کے مواقع ضائع ہو سکتے ہیں۔

توانائی اور انفراسٹرکچر بھی کلیدی ستون ہیں۔ ادھار تیل کی سہولیات سے ہٹ کر، سعودی ادارے ریفائننگ، قابل تجدید توانائی اور لاجسٹکس کے منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہاں تک کہ مذہبی سیاحت بھی ایک اقتصادی راہداری میں تبدیل ہو رہی ہے، جسے بہتر ٹرانسپورٹ، ہاسپیٹلیٹی اور سروسز انفراسٹرکچر کی حمایت حاصل ہے۔

یہ تمام اقدامات مل کر ماضی سے واضح انحراف کی نشاندہی کرتے ہیں: ترسیلات زر نے پاکستان کو مستحکم کیا اور ٹیکنالوجی، معدنیات اور انفراسٹرکچر کا مقصد اسے ترقی دینا ہے۔ تاہم، یہ نیا نمونہ اسلام آباد سے مزید تقاضا کرتا ہے۔

طویل مدتی سرمائے کو طویل مدتی یقین کی ضرورت ہوتی ہے۔ کان کنی کے شفاف قوانین، قابل نفاذ معاہدے اور انٹلیکچوئل پراپرٹی کا مضبوط تحفظ ضروری ہے۔ ڈیجیٹل پالیسی کو الگ تھلگ پائلٹ پروجیکٹس کے بجائے بڑے پیمانے یعنی مقدار، برآمدی تیاری اور صنعتی انضمام کو ترجیح دینی چاہیے۔

حکومتی خیر سگالی کو تجارتی طور پر قابل عمل شراکت داریوں، جوائنٹ وینچرز اور ہنر کی ترقی کے پروگراموں میں تبدیل ہونا چاہیے جو ایسے اے آئی ماہرین، کان کنی کے انجینیئرز اور صنعتی ٹیکنالوجسٹ پیدا کریں جو پیچیدہ ویلیو چینز کو چلانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

سال 2024 میں اکنامک کوآپریشن فریم ورک کے آغاز نے اس بات کو تقویت دی کہ امداد سے سرمایہ کاری کی طرف منتقلی جان بوجھ کر اور منظم انداز میں کی گئی تھی۔ سعودی عرب کا پیغام واضح ہے: اب معاملہ ہنگامی ڈیپازٹس یا موخر ادائیگیوں کا نہیں ہے۔ یہ دہائیوں پر محیط پاکستان کی پیداواری معیشت کی تعمیر کے بارے میں ہے۔

تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں۔ میری نظر میں، مستقبل کی تعریف سعودی خیر سگالی سے کم اور پاکستان کی سرمائے کو صلاحیت اور وژن کو نتائج میں بدلنے کی اہلیت سے زیادہ ہو گی۔

مہرین درانی انڈپینڈنٹ طور پر حکمت عملی اور تبدیلی کے شعبے میں پالیسی اور ٹیکنالوجی کے اشتراک پر کام کرتی ہیں، اور ادارہ جاتی و معاشی اثرات مرتب کرنے کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی اور سٹریٹیجک شراکت داریوں کو آگے بڑھاتی ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر کالم نگار کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *