ایران کے اہم مقام جزیرہ خارگ پر فوجی اہداف مکمل تباہ کر دیے: ٹرمپ

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ 15ویں روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔ تازہ ترین اپ ڈیٹس


14ویں دن کے احوال کے لیے یہاں کلک کریں


صبح نو بج کر 30 منٹ: امریکہ کا ایران کے جزیرہ خارگ پر حملہ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو کہا کہ امریکی افواج نے ایران کے اہم ترین مقام جزیرہ خارگ پر حملہ کر کے فوجی ہدف کو ’مکمل طور پر تباہ‘ کر دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ’کچھ لمحے پہلے، میری ہدایت پر امریکی سینٹرل کمانڈ نے مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کی سب سے طاقتور بمباری کی اور ایران کے قیمتی ترین مقام جزیرہ خارگ پر موجود ہر فوجی ہدف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ہتھیار دنیا میں اب تک بنائے گئے سب سے زیادہ طاقتور اور جدید ہیں، لیکن میں نے جزیرے پر موجود تیل کے انفراسٹرکچر کو تباہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

’لیکن اگر ایران، یا کوئی اور آبنائے ہرمز کے ذریعے جہازوں کی آزاد اور محفوظ آمد و رفت میں کسی قسم کی مداخلت کرتا ہے تو میں فوری طور پر اس فیصلے پر دوبارہ غور کروں گا۔‘


صبح نو بج کر 12 منٹ: نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں: امریکہ

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے جمعے کو کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای زخمی ہیں اور ممکنہ طور پر ان کے چہرے کو نقصان پہنچا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی وزیر دفاع نے نے ایران پر تقریباً دو ہفتوں کے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد خامنہ ای کی حکمرانی کی صلاحیت پر سوال اٹھایا۔

ہیگسیتھ نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ نام نہاد نئے لیڈر جو اتنے سپریم بھی نہیں زخمی ہیں اور ممکنہ طور پر ان کا چہرہ خراب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کل ایک بیان جاری کیا۔ درحقیقت ایک کمزور بیان، لیکن اس میں کوئی آواز تھی اور نہ ہی کوئی ویڈیو۔ یہ ایک تحریری بیان تھا۔

‘ایران کے پاس بہت سے کیمرے اور بہت سے وائس ریکارڈر موجود ہیں۔ تحریری بیان کیوں؟ میرا خیال ہے کہ آپ جانتے ہیں کیوں۔ ان کے والد جان سے جا چکے ہیں۔ وہ خوفزدہ ہیں۔ زخمی ہیں۔ چھپ رہے ہیں اور ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔‘

دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ نئے سپریم لیڈر زخمی ہوئے ہیں۔ ایک ایرانی اہلکار نے بدھ کو بتایا کہ ان کے زخم معمولی نوعیت کے ہیں۔ جمعے کو، جاپان میں ایران کے سفیر پیمان سعادت نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای ’معذور‘ نہیں ہوئے۔


صبح 8 بج کر 55 منٹ: امریکہ کا ایرانی رہنماؤں کی معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان

امریکہ نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سمیت سینیئر فوجی اور انٹیلی جنس اہلکاروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش کی ہے۔ 

امریکہ دفتر خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق اس انعام کا اعلان ایران کے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) سے وابستہ 10 اہلکاروں کے لیے کیا گیا ہے۔

سپریم لیڈر کے علاوہ امریکہ ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی، انٹیلی جنس وزیر اسماعیل خطیب، وزیر داخلہ وزیر سکندر مومنی اور خامنہ ای کے دفتر کے دو اہلکاروں کے بارے میں بھی معلومات چاہتا ہے۔

روئٹرز نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے ہفتے کہا کہ ایران کے تیل اور توانائی کے ڈھانچے پر کسی بھی حملے کے جواب میں خطے میں امریکہ کے ساتھ تعاون کرنے والی تیل کمپنیوں کی ملکیت توانائی کے ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا۔

یہ انتباہ اس کے بعد سامنے آیا جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے اہم تیل مرکز خارگ جزیرے پر فوجی اہداف تباہ کر دیے۔ یہ جزیرہ ایران کی 90 فیصد تیل برآمدات کے لیے برآمدی ٹرمینل کے طور پر کام کرتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *