ایران پر حملہ: پی آئی اے سمیت کئی ایئر لائنز کی شرق وسطیٰ کے لیے پروازیں معطل

ایران پر ہفتے کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد تیزی سے بدلتی سکیورٹی صورتحال کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سمیت کئی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے خطے کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی ایئر لائن نے متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دوحہ کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق متعلقہ ممالک کی فضائی حدود کھلنے یا کل شام تک پروازیں بند رہیں گی، جبکہ سعودی عرب جانے والی پروازوں کا رخ تبدیل کر کے تنازع سے متاثرہ علاقوں سے بچاتے ہوئے چلایا جا رہا ہے۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروازوں کی معلومات یا متبادل بکنگ کے لیے پی آئی اے کال سینٹر سے رابطہ کریں۔

قطری فضائی حدود بند، قطر ایئرویز کی پروازیں عارضی طور پر معطل

خطے میں جاری کشیدہ صورت حال کے باعث قطر ایئرویز نے قطری فضائی حدود بند ہونے کے بعد دوحہ آنے اور جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایئرلائن کے بیان کے مطابق متاثرہ مسافروں کی مدد کے لیے حکومتی اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے، جبکہ فضائی حدود کھلتے ہی پروازوں کا آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ معمول کی پروازیں بحال ہونے کے بعد فلائٹ شیڈول میں تاخیر کا امکان ہے، اسی لیے حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم ایئرپورٹس پر اضافی گراؤنڈ سٹاف تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

ایئر انڈیا نے بھی مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایئرلائن کے بیان کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی لیے موجودہ سکیورٹی حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت کے مطابق فلائٹ آپریشنز میں تبدیلی کی جائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں، جبکہ صورتحال بہتر ہوتے ہی پروازوں کی بحالی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

ادھر فرانسیسی فضائی کمپنی ایئر فرانس نے بھی دبئی، ریاض، تل ابیب اور بیروت کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کمپنی کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 28 فروری اور یکم مارچ کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ تل ابیب کے لیے سروس اتوار تک بند رہے گی۔

یہ فیصلے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی بحری اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک نے جزوی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں خطے بھر میں پروازوں کی منسوخی اور روٹس کی تبدیلی کا سلسلہ جاری ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *