ایران نے 48 گھنٹے میں آبنائے ہرمز نہ کھولی تو اس کے بجلی گھر تباہ کر دیں گے: ٹرمپ

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کو آج 22 واں دن ہے۔

 امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔

اس جنگ کے تازہ ترین اپ ڈیٹس پیش خدمت ہیں۔


صبح آٹھ بج کر 30 منٹ

ریاض کی جانب 3 میزائل داغے گئے: سعودی عرب

سعودی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ ریاض کی طرف تین میزائل داغے گئے جن میں سے ایک میزائل کو تباہ کر دیا گیا جبکہ باقی دو غیر آباد علاقے میں گر گئے۔


صبح سات بج کر 15 منٹ

ایران نے 48 گھنٹے میں آبنائے ہرمز نہ کھولی تو اس کے پاور پلانٹ تباہ کر دیں گے: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کو دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے اگلے 48 گھنٹوں میں جہاز رانی کے لیے آبنائے ہرمز دوبارہ نہ کھولی تو اس کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا جائے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ الٹی میٹم ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب تہران نے اسرائیل پر اپنا اب تک کا سب سے تباہ کن حملہ کیا ہے۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا اگر تہران نے 48 گھنٹوں کے اندر یا ان کی پوسٹ کے وقت کے مطابق پیر کو 23:44 جی ایم ٹی تک آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر نہ کھولا تو امریکہ ایرانی بجلی گھروں کو ’نشانہ بنائے گا اور ملیامیٹ کر دے گا‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس کا ’آغاز سب سے بڑے بجلی گھر سے ہو گا۔‘

ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کی دھمکی کے جواب میں ایرانی فوج نے کہا کہ وہ خطے میں ’امریکہ اور اس کی اتحادی حکومت سے تعلق رکھنے والے‘ توانائی اور پانی کو نمک سے پاک کرنے والے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے گی۔


صبح سات بجے

قطر کا فوجی ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ

قطر کی حکومت نے اتوار کی صبح بتایا کہ امدادی کارکن ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے عملے اور مسافروں کی تلاش کر رہے ہیں جو ’تکنیکی خرابی‘ کے بعد خلیجی ریاست کی سمندری حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔

قطر کی وزارت دفاع نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ’قطری ہیلی کاپٹر کو معمول کی ڈیوٹی کے دوران تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ ریاست کی علاقائی سمندری حدود میں گر گیا۔ اس کے عملے کے ارکان اور مسافروں کی تلاش کا کام جاری ہے۔‘

اگرچہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے آغاز سے ہی قطر کو کئی حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے لیکن اس ہیلی کاپٹر اور ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں سے شروع ہونے والے تنازعے کے درمیان کوئی تعلق سامنے نہیں آیا۔


صبح چھ بج کر 45 منٹ

ایران کا دو اسرائیلی شہروں پر حملہ، 100 سے زائد زخمی

اسرائیلی طبی عملے کے مطابق ہفتے کو جنوبی اسرائیل کے دو شہروں پر ایرانی میزائل حملوں میں 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، کیوں کہ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام ان میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہا۔

میزائلوں کے براہ راست گرنے سے رہائشی عمارتوں کے سامنے کے حصے تباہ ہو گئے اور زمین میں گہرے گڑھے پڑ گئے۔

میگن ڈیوڈ ایڈم کے امدادی کارکنوں نے بتایا کہ عراد کے قصبے میں 84 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ اس سے چند گھنٹے قبل قریبی شہر دیمونا میں 33 افراد زخمی ہوئے۔

عراد سے موصول ہونے والی اے ایف پی کی فوٹیج میں امدادی کارکنوں کو ایک تباہ شدہ عمارت کے ملبے تلے زخمیوں کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

جائے وقوعہ پر درجنوں ہنگامی امدادی اہلکاروں کے ساتھ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موجود تھیں جن کی روشنیاں جل بجھ رہی تھیں۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ میزائلوں کو روکنے میں ناکامی کی تحقیقات کرے گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *