آیت اللہ خامنہ ای کی موت پر پاکستان بھر میں مظاہرے، کراچی میں چھ اموات

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی اور اسرائیلی حملے میں موت کے بعد اتوار کو پاکستان بھر میں مظاہرے جاری ہیں جبکہ کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں احتجاج کرنے والے چھ مظاہرین فائرنگ کے نتیجے میں جان سے چلے گئے۔

ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے ہفتے کو کیے گئے مشترکہ حملے کے بعد اتوار کو تہران کے سرکاری میڈیا نے اپنے سپریم لیڈر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ملک میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا۔

آیت اللہ خامنہ ای کی موت کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس میں سرفہرست کراچی ہے، جہاں حکام کے مطابق اتوار کو سینکڑوں مظاہرین کے امریکی قونصل خانے پر دھاوا بولنے کے بعد پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں کم از کم چھ افراد جان سے چلے گئے۔

کراچی میں پولیس اور ایک ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ ان جھڑپوں میں کم از کم آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

کراچی پولیس نے بتایا کہ بعد ازاں مظاہرین کو منتشر کر دیا گیا اور صورت حال قابو میں ہے۔

گلگت بلستان میں پر تشدد مظاہرے، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج طلب: پولیس

مشرق وسطیٰ کی موجودہ خلیجی صورت حال کے تناظر میں گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں احتجاج جاری ہے۔

گلگکت بلتستان کے ضلع سکردو میں پولیس کے مطابق مشتعل مظاہرین نے سکردو میں واقع اقوام متحدہ کے ذیلی دفتر سمیت دیگر چند عمارتوں کو بھی آگ لگا دی، تاہم کوئی جانی نقصان  نہیں ہوا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سکردو پولیس کنٹرول کے اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کے نامہ نگار اظہار اللہ کو بتایا کہ اقوام متحدہ کے دفتر، ایس پی پولیس کے گھر، ایک آئی ٹی دفتر جبکہ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے دفتر کو بھی نذر آتش کر دیا گیا۔

اہلکار نے بتایا کہ کشیدہ حالات کی وجہ سے سکردو میں کرفیو نافذ کردیا گیا اور پولیس نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔

گلگکت بلتستان پولیس کے مطابق کشیدہ حالات کی وجہ سے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا۔

گلگت میں ناد علی چوک اور دنیور میں علمدار چوک احتجاج کے باعث بند ہیں۔

پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سفر سے قبل مناسب منصوبہ بندی کریں اور رہنمائی کے لیے متعلقہ پولیس کنٹرول روم یا ٹورسٹ پولیس ہیلپ لائن 1422 سے رابطہ کریں۔

اسلام آباد میں ریڈزون کی طرف جانے والے تمام رستے سیل

اسلام آباد میں حکام نے صورت حال کے پیش نظر ریڈ زون جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس تقی جواد نے کہا ہے کہ ریڈزون کی طرف جانے والے تمام رستوں کو مکمل بند کردیا گیا ہے۔ ’شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ ریڈزون کی طرف سفر نہ کریں۔‘

لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج

ایران پر امریکہ اور اسرائیلی حملے میں ایرانی سپریم لیڈر کی موت کے بعد لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

نامہ نگار ارشد چوہدری کے مطابق مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے باہر توڑ پھوڑ کی جبکہ قونصلیٹ جانےکی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی۔

مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے سامنے لگائے سکیورٹی کیمپ بھی اکھاڑ دیے۔ مظاہرین نے خواتین، بچے، بوڑھے اور نوجوان بھی شریک ہیں، جو امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کررہے ہیں۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت کے بعد سینکڑوں افراد کا لاہور پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *