لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہیکل نے منگل کو پاکستانی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی ملاقات کے دوران ’دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔‘
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ’لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اظہار کیا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہا اور علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی امن مشنز میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق: ’یہ دورہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان فوجی سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے، جب پاکستان امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے۔ حالیہ ہفتوں میں جنگ کے اثرات لبنان تک بھی پہنچے ہیں، جس کے باعث خطے میں سکیورٹی صورت حال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
